نیویارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے شورش زدہ علاقوں میں 7 کروڑ 50 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسف کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں شورش زدہ علاقوں میں سکول جانے والی عمر کے 7 کروڑ 50 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہے جن کے لیے فوری امداد کی ضرورت ہے۔
یونیسف کی تازہ رپورٹ کے مطابق پناہ گزینوں کے بچوں میں سکول نہ جانے کی شرح پانچ گنا زیادہ ہے جبکہ ایسے علاقوں میں تعلیم سے محروم لڑکیوں کی تعداد ڈھائی گنا زیادہ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شام میں پانچ سال سے جاری خانہ جنگی کے سبب 6000 سکول بند پڑے ہیں جبکہ مشرقی یوکرین میں لڑائی کی وجہ سے ہر پانچ میں سے ایک سکول متاثر ہوا ہے۔
یونیسف کا کہنا ہے کہ بچوں کی تعلیم کے لیے 4 ارب ڈالر کا خصوصی فنڈ قائم کیا جائے گا۔ تا کہ ایک کروڑ 36 لاکھ بچوں کی تعلیمی ضرورت کو ہنگامی بنیادوں پر پورا کیا جائے۔