پشاور (جیوڈیسک) پشاور وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور چیف سیکریٹری شہزاد ارباب کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ جس پر وزیر اعلی نے تمام سمریز چیف سیکریٹری کے بجائے براہ راست انہیں بھیجنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک اورچیف سیکریٹری شہزاد ارباب کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ جس کے بعد وزیر اعلی نے صوبائی وزرا کو ہدایت کی ہے کہ وہ کوئی بھی سمری چیف سیکریٹری کو نہ بھیجیں بلکہ براہ راست وزیر اعلی کو بھیجی جائیں۔
اختلافات پیدا ہونے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیر اعلی پرویز خٹک اور چیف سیکریٹری شہزاد ارباب کو اسلام آباد طلب کیا ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلی پرویز خٹک نے ذرائع سے گفتگو میں بتایا کہ ان کے اور چیف سیکریٹری کے درمیان اختلافات نہیں ہیں۔ تاہم سمریزبراہ راست منگوانے کا فیصلہ قانون کے مطابق کیا گیا ہے۔