لاہور : تنظیم مشائخ عظام پاکستان اور لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن شاہدرہ کے زیر اہتمام برصغیر پاک و ہند کی عظیم روحانی شخصیت حضرت سید علی بن عثمان المعروف حضرت داتا گنج بخش ؒ کے عرس مبارک کی مناسبت سے قاضی پارک شاہدرہ ٹاؤن لاہور میں ”سید ہجویر کانفرنس “کا اہتمام گیا۔ کانفرنس کی صدارت تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے ضلعی کوارڈینٹر پیر محمد راشد نقشبندی نے کی۔ جبکہ تنظیم مشائخ عظام پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن پیر محمد الیاس قادری نقشبندی کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت محمد اکرم نقشبندی نے حاصل کی، محمد قاسم جاوید نقشبندی نے بارگاہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ والہ وسلم میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے پیر محمد الیاس قادری نقشبندی نے کہاکہ حضرت داتا گنج بخش ؒ نے برصغیر پاک و ہند کو دین اسلام کی شمع سے منور کیا، داتا گنج بخشؒ کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ خواجہ غریب نوازؒ،بابا فرید الدین گنج شکرؒ سمیت بڑی بڑی ہستیاں آپ کے مزار پر حاضری دیا کرتی تھیں۔تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے ضلعی کوارڈینٹر پیر محمد راشد نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت داتا گنج بخش ؒ کی حیاتِ ظاہری بھی اس خطے کے لوگوں کے لیے سراپا رحمت تھی اورآپؒ کے باطنی و روحانی فیوض و برکات آج بھی اس سرزمین کے لیے محبت، ہمدردی اور خیر خواہی کا ذریعہ ہیں۔لاثانی ویلفیئرفاؤنڈیشن شاہدرہ کے صدر مرزا احسان نقشبندی نے کہاحضرت داتا گنج بخش ؒ کا آستانہ روحانیت کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے جہاں آج بھی ہزاروں متلاشیان حق فیض یا ب ہورہے ہیں۔
امیر حلقہ شاہدرہ ملک شوکت محمود نقشبندی نے کہاکہ حضرت داتا گنج بخش ؒ نے اشاعت اسلام میں فقیدالمثال کردار ادا کیا، آپ ؒ کی تعلیمات آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ورلڈ کالمسٹ کلب کے نائب صدر پنجاب مرزارضوان نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہاکہ حضرت داتا گنج بخش ؒ کی ساری زندگی احکامات خداوندی اور اطاعت رسول ؐ میں گزری، آپ ؒ نے اپنے اخلاق و کردار سے ہزاروں غیر مسلموں کو دین حق پر گامزن کیا،فرقہ واریت اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے آپ ؒ کی تعلیمات مشعل راہ ہیں۔کانفرنس سے محمد شاہد نعیم نقشبندی، منظور احمد نقشبندی، نیک محمد نقشبندی، انوارالحق نقشبندی سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اختتام پر ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعا اور عام شہریوں میں خصوصی لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔