جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے ہنگامی بنیادوں پر ٹیم کا حصہ بننے والے فاسٹ بولر تنویر احمد اور راحت علی آج لاہور سے جوہانسبرگ روانہ ہو گئے۔
قومی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لئے ان دنوں ایسٹ لندن میں موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ کی باونسی وکٹ اور ٹف کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے ٹیم انتظامیہ نے سلیکشن کمیٹی سے دو اضافی فاسٹ بولر بھیجنے کی درخواست کی تھی۔
سلیکشن کمیٹی نے درخواست منظور کرتے ہوئے تنویر احمد اور راحت علی کو جنوبی افریقہ بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ دونوں بولر آج صبح چھ بجے لاہور سے جوہانسبرگ روانہ ہو گئے۔
تنویر اور راحت پہلے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ یکم فروری سے شروع ہو گا۔