اسلام آباد : (جیو ڈیسک) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ توانائی کے بحران کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کوئی کثر اٹھائی نہیں رکھی جائے گی۔
اسلام آباد میں نیشنل پاور کنٹرول سینٹر میں واپڈا حکام کی طرف سے بریفنگ کے بعد میڈیا سے بات چیر کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی ملک بھر میں یکساں لوڈشیڈنگ کی جائے اور کسی علاقے سے امتیازی سلوک نہیں کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے وہ وزیراعظم بنے ہیں انہوں نے کوشش کی ہے کہ توانائی کے بحران کو کم کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بہت سے چیلنجز درپیش ہیں اور حالات کا تجزیہ کرنے کے علاوہ حقائق سامنے رکھتے ہوئے قومی ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی پالیٹکس سے بالاتر ہوکر وہ ملکی معاملات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی۔