اسلام آباد(جیوڈیسک)وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے سیکریٹری انٹرپول کو خط لکھ کر یو ٹیوب اوردیگرویب سائٹس سے توہین آمیزفلم اورشرانگیزمواد ہٹانے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔
انٹرپول کے سیکرٹری جنرل رونلڈ نوبل کے نام خط میں وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے لکھا ہے کہ انٹرنیٹ پرنبی پاک کی شان میں گستاخانہ فلم اور دیگر توہین آمیز مواد کی موجودگی بین المذاہب ہم آہنگی کو متاثر کر رہی ہے۔
خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایسے شرانگیز مواد کو انٹرنیٹ سے ہٹوانے کے لیے انٹرپول تمام سرچ انجنز سے مذاکرات کرے۔ رحمان ملک نے روم میں ہونے والی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے بھی توہین آمیز مواد کے خلاف ایک ڈرافٹ تیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔