توہین آمیز وگستاخانہ امریکی فلم کیخلاف عالمی تنظیم اہلسنت کے اپیل پر ملک بھر میں یوم مذمت منایا گیا
Posted on September 15, 2012 By Geo Urdu اسلام آباد, گجرات, لاہور
گجرات لاہور اسلام آباد: :پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں توہین آمیز وگستاخانہ امریکی فلم کیخلاف عالمی تنظیم اہلسنت کے اپیل پر ملک بھر میں یوم مذمت منایا گیا اور شہر شہر زبردست احتجاجی مظاہرے اور کئی مقامات پر احتجاجی جلوس نکالے گئے جبکہ علماء نے خطبات جمعہ میں مذمتی قرار دادیں منظور کروائیں اور واقعہ کی سخت مذمت کی۔ اس سلسلہ میں امیر عالمی تنظیم اہلسنت پیر محمد افضل قادری کی زیر قیادت گجرات میں بہت بڑا احتجاجی جلوس نکالا گیا جس میں ہزاروں غلامان رسول نے شرکت کی۔ جلوس سے خطاب کرتے ہوئے پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ ڈیرھ ارب سے زائدمسلمانوں کے دینی جذبات کو شدید مجروح کرنے والے اور انکا سرپرست ومحافظ امریکہ دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں۔
امت مسلمہ پر فرض ہوچکا ہے کہ وہ پیغمبر اسلام اور قرآن مجید کی گستاخی کرنے والوں کیخلاف سخت ترین کاروائی کرے۔ انہوں نے کہ شیطان پادری ٹیری جونز اور بعض دیگر یہود ونصاریٰ قرآن مجید اور پیغمبر اسلام کی بار بار گستاخی کر کے اپنی گندی ذہنیت اور شرانگیزی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور بار بار امت مسلمہ کے جذبات کو شدید مجروح کر رہے ہیں لہذا مسلم حکمران غیرت ملی کا مظاہرہ کریں اور اس صورتحال کے تدارک کیلئے فی الفور لائحہ عمل مرتب کریں۔ مقررین نے کہا کہ امریکہ اور اسکے اتحادیوں کیساتھ ساتھ سعودی عرب سمیت دنیا بھر کے مسلم حکمران بھی اسکے ذمہ دار ہیں جو غیرت ملی سے عاری ہو چکے ہیں یہی وجہ ہے کہ شیطانی قوتیں با ر بار شدید گستاخی کرنے پر جری ہو چکی ہیں۔
علماء نے حکومت اور ذمہ دار ادارو ں سے مطالبہ کیا کہ اگر وہ مسلمان ہیں اور اُن میں غیرت اسلامی کی ادنیٰ رمق ہے تو وہ اللہ تعالیٰ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بار بار بے حرمتی کرنے والوں کو سزا دلوا کر نور الدین زنگی، سلطان صلاح الدین ایوبی اور محمد بن قاسم کی تاریخ دہرائیں۔ انہوں نے کہا کہ کس قدر دُکھ کی بات ہے کہ ہمارے حکمران اور ادارے کتنے ہی امریکی مخالف امریکہ کے حوالے کر چکے ہیں لیکن آج تک کسی گستاخ قرآن وگستاخ رسول کو پاکستان کے حوالے کرنے کا امریکہ سے مطالبہ نہیں کیا۔ اس موقع پر ایک قرارداد کے ذریعے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ امریکی سفیر کو ملک بدر کرے اور اس مذہبی دہشت گردی کے انسداد کیلئے زبردست اقدامات اٹھائے۔
احتجاجی جلوس سے پیر جواد الرحمن، علامہ ابو تراب بلوچ، مولانا شاہد چشتی، مولانا مظفر حسین، مفتی عبد الغفور، علامہ راشد قادری، مولانا مختار سعیدی، فیاض ہاشی، علامہ عبد الرحمن نعیمی، مولانا خالد قادری، شہزاد قادری ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔محمد الیاس ذکی، میڈیا سیکرٹری عالمی تنظیم اہلسنت