توہین عدالت، بابر اعوان نے انٹرا کورٹ اپیل وآپس لے لی

Baber Awan

Baber Awan

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) توہینِ عدالت کیس میں بابر اعوان نے انٹرا کورٹ اپیل وآپس لے لی۔ ان پر کل فرد جرم عائد کی جائے گی۔

توہین عدالت کیس میں فرد جرم عائد کئے جانے کے فیصلے کے خلاف بابراعوان کی انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ بابر اعوان نے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے لیکن بینچ نے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ معافی نامہ بابر اعوان کا اعتراف جرم ہے تاہم عدالت نے اب تک معافی نامہ مسترد نہیں کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ عدالت کو ہدایت نہیں صرف درخواست دے سکتے ہیں۔ بابر اعوان فرد جرم عائد ہونے سے کیوں ڈر رہے ہیں معافی نامے کا معاملہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ قانونی نکات دورکنی بینچ کے سامنے اٹھائیں یہاں پر بات کر کے اپنے سارے راستے بند نہ کریں۔ بینچ نے کہا کہ اگر کچھ ہو گیا تو عدالتیں موجود ہیں۔ اس پر بابر اعوان توہین عدالت کیس میں اپنی انٹرا کورٹ اپیل سے دستبردار ہو گئے۔