وزیراعظم یوسف رضا گیلانی توہین عدالت کیس میں پیش ہونے کیلئے سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں۔ وفاقی وزرائ، پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی سپریم کورٹ کے کمرہ نمبر چار میں موجود ہیں۔ وفاقی وزراء مخدوم امین فہیم ، مولا بخش چانڈیو، حنا ربانی کھر، رحمان ملک، خورشید شاہ، فردوس عاشق اعوان ، منظور وٹو، نوید قمر، ریاض حسین پیرزادہ، اسرار اللہ زہری، وزیراعظم آزاد کشمیر، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنر، سندھ اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلی، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی ، مسلم لیگ قاف کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ ، راجہ پرویز اشرف، جہانگیر بدر اور دیگر رہنما سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں۔ یہ تمام افراد عدالت کے کمرہ نمبر چار میں موجود ہیں۔ ججز کالونی اور وزیراعظم کے روٹ پر راستے سیل ہیں۔ شاہراہ دستور اور اطراف میں نو سو ستر پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ رینجرز کی ایک کمپنی بھی علاقے میں تعینات ہے۔ رینجرز کی دوسری کمپنی اور ایف سی اسٹینڈ بائے رکھی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے اطراف میں سیکورٹی فورسز کی خصوصی پیٹرولنگ اور علاقے کی فضائی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ریڈ زون میں شناختی کارڈ کے بغیر داخلے کی اجازت نہیں۔ ریڈ زون میں غیر متعلقہ گاڑی بھی داخل نہیں ہونے دی جا رہی۔ سپریم کورٹ کے احاطے میں بھی سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں اضافی سیکورٹی کیمرے نصب ہیں۔ داخلی راستے پر واک تھرو گیٹس کی تعداد بڑھادی گئی ہے۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ میں موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔