سپریم کورٹ نے یکم دسمبر کی پریس کانفرنس کے حوالے سے توہین عدالت کیس کی سماعت بابر اعوان کی استدعا پر دو فروری تک کیلئے ملتوی کر دی ہے۔ سپریم کورٹ میں جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس اطہر سعید پر مشتمل دو رکنی بنچ نے آج جب سماعت کا آغاز کیا تو ڈاکٹر بابر اعوان نے استدعاکی کہ یہ ایک بڑا کیس ہے جس کیلئے انھیں وکیل کی خدمات درکار ہوں گی۔ وکیل مقرر کرنے کیلئے چار ہفتے کی مہلت دی جائے۔ جسٹس اطہر سعید نے سوال کیا کہ اتنے عرصے سے آپ نے اب تک وکیل کیوں مقرر نہیں کیا تو اس پر بابر اعوان نے جواب دیاکہ وہ پارلیمنٹیرین ہیں اور ان کی اور بھی بہت سی ذمہ داریاں ہیں۔کچھ وقت دے دیا جائے تو وہ وکیل کے ہمراہ عدالت میں حاضر ہوجائیں گے جس پر انھیں دو فروری تک مہلت دیدی گئی۔