تھائی لینڈ کے دارالحکومت کو سیلابی ریلے سے محفوظ رکھنے کے لیے بنائی گئی رکاوٹیں فی الحال موثر ثابت ہو رہی ہیں۔اطلاعات کے مطابق بنکاک کے اطراف میں کئی علاقے زیر آب آ چکے ہیں، اور سیلاب کے باعث ملک بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 297 ہو گئی ہے۔بنکاک میں محکمہ نکاسی آب کے اعلی عہدے دار ادیسک کانتے کا کہنا ہے کہ شمالی علاقوں سے دریا میں شامل ہونے والے بارش کے پانی میں معمولی کمی آئی ہے، جب کہ خلیجِ تھائی لینڈ میں سمندری مد و جزر کی شدت توقع سے کم ہونے کی وجہ سے نکاسی آب میں درپیش مشکلات میں بھی کمی آئی ہے۔سیلاب کے باعث بنکاک کو لاحق خطرہ مکمل طور پر ٹلنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔ اس صورت حال میں شہریوں کی جانب سے پریشانی کی حالت میں کی گئی خریداری کے بعد مارکیٹوں میں بوتلوں میں محفوظ صاف پانی دستیاب نہیں، اور لوگ اپنی املاک کو سیلابی ریلوں سے محفوظ رکھنے کی کوشش میں ریت کی بوریوں کا سہارا لے رہے ہیں۔ا