کراچی (جیوڈیسک) وفاقی ادارے کونسل آف سائنٹفیک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ( پی سی ایس آئی آر) لیبارٹری اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی فوڈ لیبارٹری نے تیزابی کیمیکل سے دھلی ہوئی ادرک کو انسانی صحت کے لیے مہلک قرار دے دیا ہے۔
کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے لیبارٹری رپورٹ کی بنیاد پر تیزابی کیمیکل سے دھلی ہوئی ادرک کی سبزی منڈی اور شہر میں فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی ہے، کمشنر کراچی نے ایڈمنسٹریٹر کراچی اور ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو ہدایت کی ہے کہ سبزی منڈی میں ادرک کو تیزابی کیمیکل سے دھونے والے تاجروں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں اور منڈی میں تیزابی کیمیکل کے لیے بنائی گئی پختہ ٹنکیاں فی الفور مسمار کردی جائیں۔
لیبارٹری رپورٹس کے مطابق تیزابی کیمیکل سے دھلی ہوئی ادرک کے استعمال سے گردوںکی خرابی، معدے کے السر اور ہارمونز کے بگاڑ سمیت نظام انہضام کے سنگین امراض لاحق ہوسکتے ہیں، کمشنر کراچی نے تیزابی ادرک کی فروخت پر فی الفور پابندی عائد کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر سبزی منڈی کو اس مذموم کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔