اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایک بار پھر عوام الناس کو 30ستمبر تک 500روپے مالیت کے پرانے بڑے سائز کے نوٹ بینکوں کو واپس کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان فیصل آباد کے ترجمان کے مطابق جن افرادکے پاس 500روپے مالیت کے پرانے بڑے سائز کے نوٹ موجود ہوں وہ مذکورہ نوٹ 30ستمبربروز جمعہ تک سٹیٹ بینک آف پاکستان ، نیشنل بینک آ ف پاکستان سمیت حبیب بینک لمیٹڈ ، مسلم کمرشل بینک لمیٹڈ ، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ ، الائیڈ بینک لمیٹڈ ،دی بینک آف پنجاب سمیت تما م شیڈولڈ و کمرشل بینکوں کی برانچز سے تبدیل کرو ا لیں۔ وفاقی حکومت کے فیصلہ اور کابینہ کی منظوری کی روشنی میں 30ستمبر 2011 سے 500روپے مالیت کے بڑے سائز کے پرانے نوٹ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیاہے جس کے تحت اب مذکورہ نوٹ یکم اکتوبر 2011 سے قابل استعمال نہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر ا ن کے پاس پرانے بڑے سائز کے نوٹ موجود ہیں تو وہ انہیں 30ستمبر تک ملک بھر میں موجود کمرشل بینکوں کی 9000سے زائد برانچز سے تبدیل کر وا لیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی پریشانی کاسامنا نہ کرنا پڑے۔