جامع مسجد عرفانی محلہ مسلم آباد میں عظیم الشان سیرت کانفرنس منعقد ہوئی

گجرات:(جیو ڈیسک) جامع مسجد عرفانی محلہ مسلم آباد گجرات میں عظیم الشان سیرت کانفرنس منعقد ہوئی۔ نقابت کے فرائض حافظ محمد محسن نعیم علوی نے سرانجام دیئے۔ تلاوت قرآن پاک حافظ حسن رضا علوی نے کی جبکہ معروف ثناء خواں سید افتخار شاہ اور محمد نسیم احمد چشتی نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ تلاوت و نعت کے بعد عالمی مبلغ اسلام شیخ الحدیث و التفسیر حضرت علامہ مولانا مفتی محمد انصر القادری خطیب اعظم انگلینڈ اور حضرت علامہ محمد انوار الحق علوی خطیب جامعہ مسجد عرفانی نے سیرت مصطفیۖ کے موضوع پر خطاب کیا۔

سیرت کانفرنس کا اہتمام جامعہ مسجد عرفانی کی انتظامیہ نے کیا تھا۔ سیرت کانفرنس میں صاحبزادہ پیر سید حکیم بہار شاہ، سید اعجاز حسین شاہ، سابق چیئرمین بلدیہ گجرات چوہدری محمد طفیل، پنجاب نعت کونسل کے صدر شیخ عرفان پرویز، جنرل سیکرٹری عامر چوہدری، وحدت اسلامیہ کے آرگنائزر محمد عمران شاہد چشتی القادری، چوہدری محمد اعجاز نے خصوصی شرکت کی۔ سیرت کانفرنس کی انتظامیہ خصوصاً جامعہ مسجد عرفانی کے صدر جاوید اقبال اور جنرل سیکرٹری محمد اشتیاق مغل نے شاندار انتظامات کیے ہوئے تھے۔ کانفرنس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ درود و سلام اور دعا کے بعد تمام افراد میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔