جاپان(جیوڈیسک)جاپان اور چین کے نائب وزرا جزائر کی ملکیت کے تنازع کے تصفیے کی کوشش میں جلد مذاکرات کریں گے۔
جاپان اور چین کی خارجہ وزارتوں کے اعلی حکام ٹوکیو میں ہونیوالے اجلاس میں اس امر پر متفق ہوئے ہیں کہ یہ مذاکرات ہوں گے۔ اس کی اطلاع جاپان کی خبر رساں ایجنسی کیوڈو نے جاپانی وزارت خارجہ کے حوالے سے دی ہے تاہم رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ مذاکرات کب ہوں گے اور ان مذاکرات میں کون سے نائب وزرا حصہ لیں گے۔ یہ اعلان اسی روز کیا گیا ہے جب بین الاقوامی مالیاتی کی سربراہ کرسٹائن لیگارڈے نے کہا کہ اگر چین نے رواں ہفتے جاپان میں ہونیوالے عالمی اقتصادی مذاکرات میں اپنا وزیر خزانہ اور مرکزی بینک کا سربراہ نہ بھیجا تو اس کو خسارہ اٹھانا پڑے گا۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں میں ان کی عدم شرکت کو بحیرہ مشرقی چین کے جزائر کے سلسلے پر دونوں ممالک کے درمیان انتہائی کشیدگی تازہ ترین علامت کے طور پر توجیح کی جا رہی ہے ۔ کئی دہائیوں سے جاری یہ تنازع طرفین کے باشندوں کی طرف سے ان جزائر پر آنے اور اس کے نتیجے میں ٹوکیو کی طرف سے جزائر کو قومی تحویل میں لئے جانے کے بعد اگست اور ستمبر میں شدت اختیار کرگیا ہے۔