جاپان میں طاقتور طوفان کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 24 ہو گئی ہے جب کہ 50 افراد تاحال لاپتا ہیں۔پیر کو پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے نے ٹالس نامی طوفان سے متاثر ہونے والے متعدد علاقوں میں لاپتا افراد کی تلاش جاری رکھی۔ حکام نے کہا ہے کہ سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودے گرنے کے باعث امدادی کارروائیاں میں مشکلات کا سامنا ہے۔جاپان کے نارا اور واکایاما صوبوں میں سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودوں کی زد میں آ کر کئی مکانات کے تباہ ہونے کے علاوہ متعدد عمارتوں کو نقصان بھی پہنچا۔ ان علاقوں میں 100 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔خبررساں ادارے کیوڈو نے پیر کو کہا ہے کہ مٹی کے تودے گرنے اور پلوں کے تباہ ہونے کی وجہ سے تقریبا 3,600 افراد صوبہ واکایاما کے چار علاقوں میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ٹالس ہفتہ کو جاپان کے جزیرہ شیکوکو سے ٹکرانے کے بعد ملک کے وسطی اور مغربی حصوں سے ہوتا ہوا بحیرہِ جاپان کی جانب بڑھ گیا تھا۔