جاپان نے چین کیلئے نیا سفیر نامزد کر دیا

Masato Kitera

Masato Kitera

جاپان (جیوڈیسک)جاپان نے چین کے لئے نئے سفیر کو نامزد کر دیا ہے۔اس سے دو ماہ قبل نامزد ہونے والے سفیر اپنا عہدہ سنبھالنے سے قبل ہی انتقال کرگئے تھے۔ تجربہ کار سفارتکار مساتو کٹیرا کی تقرری پیر سے موثر ہوگی۔ 60 سالہ مساتو اپنے پیشرو اوچیرو میوا کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالنے کے لئے اگلے ماہ بیجنگ جائیں گے۔ جاپان نے اس سے قبل چین میں اپنے سفیر کے لئے شینیشی نشی مایا کا انتخاب کیا تھا لیکن اس سے قبل کہ وہ یہ ذمہ داریاں سنبھالتے وہ ستمبر میں ٹوکیو کی ایک سڑک پر علالت کے باعث گر گئے تھے جنہیں ہسپتال لے جایا گیا تاہم چند روز بعد وہ انتقال کرگئے۔

کٹیرا ایک ایسے وقت میں ٹوکیو کی نمائندگی کرنے جا رہے ہیں جب مشرقی بحیرہ چین میں جزائر کے سلسلہ پر تنازع جاری ہے۔ ان جزائر کو ستمبر میں قومیائے جانے کے بعد تنازع بھڑک اٹھا تھا اور چین بھر میں جاپان مخالف پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے جس میں جاپانی کاروباری اداروں کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔