جشن آزادی کے حوالہ سے نیشنل لیول روڈسائیکل ریس دو ستمبر 2012ء کو گجرات آئے گی
Posted on August 28, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات(جی پی آئی)جشن آزادی کے حوالہ سے نیشنل لیول روڈسائیکل ریس دو ستمبر 2012ء کو گجرات آئے گی۔لاہور سے آنے والی سائیکل ریس کا گجرات میں شاندار استقبال کرنے کی تیاریاں شروع،تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر نوازش علی کی ہدایت پر دوستمبر کو لاہور سے گجرات آنیوالی نیشنل سائیکل ریس کے حوالہ سے ڈسٹرکٹ آفیسر کوارڈینیشن شجاع قطب بھٹی کی صدارت میں گزشتہ روز ایک اجلاس کا انعقاد کیاگیا۔اجلاس میں سائیکل ریس کے شرکاء کا گجرات پہنچنے پر شاندار استقبال کی تیاریوں کے سلسلہ میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری وقار احمد نے ریس کے حوالہ سے بتاتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی کے حوالہ سے منعقدہ اس نیشنل سائیکل ریس میں پاکستان بھر سے آٹھ ٹیمیں جن میں سندھ،بلوچستان،پنجاب،خیبر پختونخواہ،ریلوے،واپڈا،آرمی اور ہائیر ایجوکیشن کی ٹیم شامل ہے شرکت کر رہی ہیں اور ہر ٹیم میں دس دس کھلاڑی حصہ لیں گے۔
ریس کا آغاز دوستمبر بروز اتوارصبح نو بجے لاہور سے ہو گا اور دوپہر بارہ بجے اپنے اختتامی پوائنٹ یو۔ایم فرنشرز نزد راجہ پھاٹک بائی پاس گجرات پر اختتام پزیر ہوگی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر کوارڈینیشن شجاع قطب بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انشاء اللہ سائیکل ریس کے شرکاء کااپنے مہمانان خصوصی ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر نوازش علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راجہ بشارت کے ہمراہ شانداراستقبال کر یں گے۔جس کے لئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔تمام متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ سائیکلنگ ایسوسی ایشن گجرات کے صدرمحمد داؤد خاں،سنیئر نائب صدر خادم علی خادم،نائب صدر سہیل انور بٹ،تحصیل صدرڈاکٹر شکیل احمد،چوہدری عبدالاسلام آف سروس انڈسٹری،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سلمان علی،تحصیل سپورٹس آفیسر سید غلام عباس،انچارج سیکورٹی برانچ انسپکٹرممتاز حسین،ٹریفک پولیس انسپکٹر سرفراز بٹ،انچارج ایدھی سنٹر گجرات احسان اللہ بٹ،محمد راشد بٹ ودیگر بھی موجود تھے۔