جعفرآباد : ڈیرہ الہ یار میں دھماکے سے منہدم ہونے والی ہوٹل کی عمارت سے اب تک بارہ افراد کی لاشیں جبکہ اکیس زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے ، اب بھی متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لئے کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی آئی جی سبی کے مطابق دھماکے میں 30 سے 35 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جو ہوٹل کے ایک کمرے میں رکھا گیا تھا اور ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکا کیا گیا ۔ دھماکا اس وقت کیا گیا جب ہوٹل میں تقریبا40 افراد موجود تھے۔ واقعہ کے امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لئے کارروائیاں شروع کی گئیں ، امدادی ٹیموں کے مطابق اب بھی دس سے بارہ افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جن کی تلاش کے لئے کرین کی مدد سے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔