نصیر آباد (جیوڈیسک) ضلع نصیر آباد کے قریب جعفر ایکسپریس میں دھماکے سے متاثر ہونے والے ٹریک کی بحالی کا کام آج بھی جاری ہے۔ دھماکے میں تین بھائیوں سمیت 7 مسافر جاں بحق اوردس زخمی ہوئے تھے۔ پیر کی صبح ساڑھے نو بجے راول پنڈی سے کوئٹہ جانیوالی جعفر ایکسپریس میں زوردار دھماکا ہوا۔ دھماکا شوری ریلوے اسٹیشن کے قریب ہوا۔ جس سے دو بوگیاں الٹ گئیں اور چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نصیر آباد ظفرعلی کے مطابق دھماکے سے ریلوے ٹریک کا 100 فٹ کا حصہ متاثر ہوا ہے جس کی مرمت کا کام آج مکمل کر لیا جائے گا۔ دھماکے کی ذمہ داری بلوچ ریپبلکن آرمی نے قبول کرلی ہے۔ واقعے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔