برطانوی جریدے کی پاکستان میں جعلی پاسپورٹ سکینڈل کی خبروں کو پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے بھی مسترد کر دیا ہے۔ تاہم جعلی پاسپورٹ اور جعلی ویزے لگانے میں برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کو عالمی لیڈر قرار دیا ہے۔
اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب کے دورہ کے موقع پر ایڈم تھامسن نے کہا کہ پاکستان سمیت کسی ملک کے اولمپکس کے دستے میں غیر متعلقہ افراد کا شامل ہونا ناممکن ہے۔ اولمپکس اسکواڈ کی ایکریڈیشن کا مرحلہ مہینوں پہلے مکمل کر لیا جاتا ہے ، جعلی لوگوں کے شامل ہونے کا کوئی امکان نہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نادرا سسٹم اور پاسپورٹس بنانے کے عمل پر برطانیہ کو اطمینان ہے اور نادرا ڈیٹا بیس سسٹم دنیا کے چند بہترین نظاموں میں سے ایک ہے۔ جعلی پاسپورٹ اور ویز ے تو دنیا کے ہر ملک میں بن جاتے ہیں۔
ایک سوال پر ایڈم تھامسن کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات میں انہوں نے برطانوی جریدے کی خبر وں کے حوالے سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کے خواہشمندوں کی سب سے بڑی تعداد پاکستانیوں کی ہے جو کہ برطانیہ اور پاکستان دونوں کے لئے تشویش کا باعث ہے۔