لندن(جیوڈیسک)ملکہ الزبتھ اور شہزادہ چارلس کی جعلی کال ریسیو کرنے والی برطانوی نرس نے خودکشی کر لی ہے۔
خودکشی کرنے والی نرس جاسنتھا سلڈانا Jacintha Saldanha لندن کے کنگ ایڈورڈ اسپتال میں تعینات تھی۔ چند روز قبل شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کو طبعیت خراب ہونے پر اسی اسپتال لایا گیا تھا۔ اس موقع پر آسٹریلوی ریڈیو کے دو براڈکاسٹرز نے ملکہ الزبتھ اور شہزادہ چارلس بن کر نرس سے کیٹ مڈلٹن کی حالت دریافت کی تھی۔
نرس نے انجانے میں ملکہ اور شہزادہ سمجھ کر انہیں کیٹ مڈلٹن کے بارے میں اطلاعات فراہم کر دیں جس کے بعد یہ خبر دنیا بھر کے میڈیا کی زینت بنی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق اس واقعے سے نرس کو بے حد صدمہ پہنچا تھا۔ آج شام وہ اپنے کمرے میں مردہ پائی گئی۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔