کراچی، (جیوڈیسک)محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کے خطرے کے باعث کراچی، کوئٹہ، لاہور اور ملتان سمیت مختلف شہروں میں آج نماز جمعہ سے عاشورہ کے اختتام تک موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خیبرپختون خوا اور بلوچستان حکومت نے بھی صوبے میں سروس بند کرنے کی حمایت کر دی ہے۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کی اطلاعات کے باعث کراچی، کوئٹہ، لاہور اور ملتان سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موبائل فون سروس نماز جمعہ سے قبل بند کئے جانے کا امکان ہے۔ موبائل فون سروس یوم عاشور تک بند رکھی جائے گی۔ بلوچستان حکومت نے صوبے میں سروس بند کرنے کی تجویز کی حمایت کر دی ہے۔
سیکرٹری داخلہ اکبر درانی کا کہنا ہے کہ کوئٹہ نصیر آباد، لورا لائی اور ژوب میں نو اور دس محرم الحرام کو موبائل سروس معطل رہے گی۔ ابھی کوئٹہ میں موٹر سائیکل چلانے پر پابندی کا فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم ڈبل سواری پر پابندی پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔