وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ فیصلہ عوام کوکرنا ہے کہ انہیں جمہوریت چاہیے یا آمریت، عوامی حمایت کے بغیرکوئی جنگ نہیں جیتی جاسکتی۔ اسلام آباد میں قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویروں کی نمائش کے دوران منعقدہ تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تمام ادارے پارلیمنٹ کے ماتحت ہونے چاہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ تمام ادارے آئین کے مطابق کام کریں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آمریت نے ہمیشہ آئین پر حملہ کیا اور ہر جمہوری حکومت پر کرپشن کے الزامات لگائے گئے۔