واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی محکمہ دفاع نے افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان ایلن کو ایک خاتون کو غیر موزوں ای میل لکھنے کے معاملے میں کلیئر کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پینٹاگون افغانستان میں امریکی کمانڈر جنرل جان ایلن کے جنرل پیٹریئس کے ساتھ منسلک ایک شادی شدہ خاتون جل کیلی کو غیر موزوں ای میل بھیجنے کی تحقیقات کر رہا تھا۔ اس سے پہلے پینٹاگان کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق جنرل ایلن اور جل کیلی کے درمیان 2010 سے 2012 تک ہونے والے رابطوں کے حوالے سے تیس ہزار صفحات پر مشتمل ای میل اور دوسرے دستاویزات کی جانج پڑتال کی جا رہی ہے۔ جنرل پیٹریئس غیر ازدواجی مراسم رکھنے کو قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے مستعفی ہو گئے تھے۔
جنرل ایلن جو کسی بھی غلط حرکت کا مرتکب ہونے سے انکار کرتے ہیں اور تحقیقات کے دوران ان کی یورپ میں نیٹو کے سپریم کمانڈر کے عہدے پر نامزدگی کو عارضی طور پر صدر اوباما کی جانب سے روک دیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق جنرل ایلن نے فلوریڈا کی رہائشی شادی شدہ خاتون جل کیلی کو ای میل لکھی تھی۔
خاتون پہلے سے جنرل پیٹریئس کے سکینڈل میں شریک تفتیش تھیں کیوں کہ انہوں نے ایف بی آئی کو بتایا تھا کہ ان کو دھمکی آمیز ای میلز بھیجی گئی تھیں۔ کہا جاتا ہے کہ جل کیلی کو جنرل پیٹریئس کے ساتھ غیر ازدواجی رشتے میں منسوب پولا براڈویل کی طرف سے دھمکی آمیز ای میل بھیجے گئے تھے۔