چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی ہے جس میں ملک اور خطے کی سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم ہاوس میں ہونے والی اس ملاقات میں دفاع سے متعلق پیشہ وارانہ امور بھی زیر غور آئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس کے لیے لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام، لیفٹیننٹ جنرل راشد محمود، لیفٹیننٹ جنرل وحید ارشد کے ناموں پر غور کیا گیا۔
اس کے علاوہ پاک فضائیہ کے سربراہ راو قمر سلیمان کی سولہ مارچ کو ریٹائرمنٹ کے بعد بطور ڈی جی آئی ایس آئی تقرری پر غور کیا گیا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی احمد شجاع پاشا کو مدت ملازمت میں توسیع دینے کے آپشن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔