پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکہ کے پاکستان اور افغانستان کے لئے خصوصی نمائندے مارک گراسمین نے ملاقات کی ۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہونے والی اس ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات ، دہشت گردی کے خلاف جنگ، پاک افغان بارڈر کی صورتحال سمیت خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں امریکہ کی حقانی نیٹ ورک سے متعلق نئی پالیسی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی جانب سے پاکستان کے اس موقف کا اعادہ کیا گیا کہ جب تک شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشنز حتمی مراحل میں نہیں پہنچتے کوئی نیا محاذ نہیں کھولا جائے گا۔ اس کے علاوہ تمام گروپوں سے بات چیت بھی کی جائے گی۔ امریکی نمائندے کی جانب سے پاکستان اور امریکہ کے مابین اسٹریٹجک تعلقات کی بحالی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔