جنوبی افریقہ نے سری لنکا کے خلاف تیسرا ٹیسٹ دس وکٹوں سے اور سیریز دو ایک سے جیت لی۔ سری لنکا کے تھیلان سمارا ویرا کی سنچری ٹیم کے کام نہ آسکی۔ جیک کیلس میچ اور ابراہم ڈی ویلیئر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ کیپ ٹاؤن میں ٹیسٹ کے چوتھے دن سری لنکا نے فالوآن کے بعد اپنی دوسری اننگز ایک سو اڑتیس رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی تو انہیں اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید دو سو تین رنز درکار تھے۔ سمارا ویرا اور اینجلومیتھیوز نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں ایک سوبیالیس رنز کا اضافہ کیا سمارا ویرا ایک سوپندرہ اور میتھیوز تریسٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی دوسری اننگز تین سو بیالیس رنز پرختم ہوئی۔ جیک کیلس ،ورنن فلینڈر اورعمران طاہر نے تین تین وکٹیں لیں۔جنوبی افریقہ کوفتح کیلئے صرف دو رنز کا ہدف ملا جو انہوں نے بغیر وکٹ کھوئے بنا لیا۔