غزہ (جیوڈیسک)حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل نے جنگ بندی کا ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا۔ جنگ بندی کی کوششوں کے باوجود اسرائیلی حملے جاری ہیں۔تازہ حملوں میں مزید 6 فلسطینی شہید ہوچکے . 8 دن میں شہدا کی تعداد 142 تک پہنچ گئی ہے.
مصر کے دار الحکومت قاہرہ سے جاری بیان میں حماس کے رہنما عزت الرشق نے کہا اسرائیل کی طرف سے ابھی تک جنگ بندی کی کوئی اطلاع نہیں اس لیے ہماری طرف سے ابھی پریس کانفرنس نہیں کی جائے گی۔ ہم اسرائیل کے جواب کا کل تک انتظار کریں گے۔ادھر مصر کے صدر محمد مرسی نے کہا ہے کہ ان کو امید ہے کہ اسرائیل غزہ پر منگل کی رات تک فضائی کارروائی بند کردے گا۔ مصری صدر کا یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب غزہ کے تنازع کے حل اور علاقے میں جنگ بندی کے لیے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں جاری سفارتی کوششیں اہم مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ پر زمینی کارروائی کو فی الحال معطل کردیا گیا ہے تاکہ سفارتی کوششوں کو جنگ بندی کرانے کا موقع دیا جائے۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فلسطینی اہداف کو نشانہ بنانے کا سلسلہ ساتویں روز بھی جاری ہے اور پیر اور منگل کی درمیانی شب سو فضائی حملے کیے گئے جن میں مبینہ طور پر سرنگیں اور راکٹ داغنے کے مقامات نشانہ بنے۔ ادھر امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے ہمراہ تل ابیب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اسرائیل کو دفاع کے لیے ہر قدم اٹھانے کا حق ہے اور اس کے لیے ہمیں امریکا سمیت کسی سے پوچھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دفاع کے دوران فلسطینیوں کی ہلاکت پر افسوس ہے۔