ملاکا: (جیو ڈیسک) ایشین ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ قومی ٹیم پہلا میچ چین کے خلاف کھیلے گی۔ جونیئرایشیا کپ تین سے تیرہ مئی تک ملائیشیا کے شہرملاکا میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ کوریا اور جاپان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
گرین شرٹس ٹورنامنٹ میں اپنی مہم جوئی کا آغاز چار مئی کو چین کے خلاف میچ سے کریں گے۔ چھ مئی کو پاکستان کا ٹکراؤ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔ سات مئی کو قومی ٹیم سری لنکا سے مقابلہ کرے گی۔ دوسرے مرحلے کے میچز نو سے بارہ مئی تک کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کا فائنل تیرہ مئی کو ہوگا۔ فاتح اور رنر اپ ٹیمیں بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ بھارت کی فائنل تک رسائی کی صورت میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم بھی ورلڈ کپ میں جگہ بنالے گی۔