جھنگ کی خبریں 9/2/2017

Meeting

Meeting

جھنگ : ڈپٹی کمشنر /ایڈ منسٹریٹر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی غازی امان اللہ نے کہا ہے کہ ایجوکیشن اتھارٹی کی تنظیم سازی تکمیل کے مراحل میں ہے ضابطہ کے تحت اتھارٹی کے بائیس اراکین ہونگے جس میں بارہ جنرل اراکین کا چنائو ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کے ذریعے کیا جائیگا جبکہ دیگر دس اراکین ٹیکنوکریٹ ہونگے ۔وہ گزشتہ روز اپنے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی مجموعی تنظیم سازی ، چیئر مین اور وائس چیئرمین کے عہدوں کیلئے نامزدگیوں کے حوالہ سے ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس میںایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ہارون رشید، چیف ایگزیکٹیوآ فیسرڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ریاض احمدسوہی، صدر چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری محمد یعقوب شیخ ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن منیرا حمد سدھانہ، ڈی ایم او آصف اقبال، پی آر او ٹو ڈی سی /ڈی او فارسٹ آغا حسین،پرنسپل گورنمنٹ کالج برائے خواتین پروفیسر مسز عابدہ شہباز،سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول ، سینئر ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ بشیر گرلز ہائی سکول اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ چیف ایگزیکٹیوآفیسر ایجوکیشن ریاض احمدسوہی نے بطور سیکرٹری اتھارٹی اجلاس کے انعقاد کے حوالہ سے تفصیلی ایجنڈہ پیش کیا ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے چیئر مین اوروائس چیئرمین اور ٹیکنو کریٹ اراکین کے عہدوں اور مجموعی تنظیم سازی کے حوالہ سے تجاویز پیش کی گئیں۔ نامزدگی کے حوالہ سے شرکاء اجلاس نے مختلف تعلیمی شعبوں سے دلچسپی اور تجربہ رکھنے والی شخصیات کے نام تجویز کئے تاکہ انکے ساتھ میٹنگ کے بعدحتمی سمری ارسال کی جاسکے ۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر غازی امان اللہ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے چیئر مین اور وائس چیئر مین کے انتخاب کے تمام مراحل میں میرٹ اور شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا تاکہ ضلع بھر میں تعلیم کے فروغ کے حوالہ سے مزید بہتری لائی جاسکے ۔
۔۔۔///۔۔۔
جھنگ( )عوامی نیشنل پارٹی پنجاب کے سینئرنائب صدر عمر خان گردیزی نے کہا ہے کہ کشکول توڑنے کے دعویدار حکمران ملک کو مزید قرضوں کی دلدل میں دھکیل کر معاشی میدان میں اپنی ناکامیوں کا عملی ثبوت دے رہے ہیں ۔ ملک وقوم پر مسلط حکمران ٹولہ ملک کو مزید قرضوں میں جکڑ کر ملک کے بچے بچے کو ہمیشہ کیلئے مقروض بنارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو مقبول لیڈر قرار دینے والے ادارے جعلسازی کررہے ہیں اور اپنے مفادات کیلئے جھوٹے سروے پر مبنی رپورٹس منظر عام پر لارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ہرمیدان میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانامہ اور نیوزلیک کے ایشو پر موجودہ حکمرانوں کی جلد ہی چھٹی ہوجائے گی۔