اسلام آباد(جیوڈیسک)سپریم کورٹ نے حارث اسٹیل ملز کی پلی بارگین پر بنک آف پنجاب سے تحریری اعتراضات طلب کر لئے۔
چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی حارث اسٹیل مل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حارث اسٹل کے مالک شیخ افضل نے نیب سے پلی بارگین کر لی ہے جس کے تحت3 ارب 66 کروڑ کیش ادا کر دیا گیا جبکہ 4 ارب 73 کروڑ روپے دو سال کی اقساط میں ادا کئے جائیں گے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ چیئرمین نیب نے پلی بارگین کی منظوری دے دی ہے۔ لہذا کیس ختم کیا جائے۔ بنک آف پنجاب کے وکیل نے پلی بارگین پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ نیب اور ایف آئی اے سیڈ منی کے نام پر 30 فیصد کمیشن مانگ رہا ہے۔
عدالت نے بنک آف پنجاب سے تحریری اعتراضات طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔