گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ حالیہ سیاسی ہلچل جمہوریت کا حسن ہے تاہم سیاسی رہنماوں کو شائستگی کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے اور جنہوں نے ایسا کیا عوام نے اس کا رد عمل بھی دیکھا دیا جبکہ ان کی اپنی پارٹی میں بھی بعض لوگوں نے انھیں ناپسند کیا۔ لاہور میں ترقی کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ سینٹ الیکشن قریب ہیں اس لیے ملک کے سیاسی موسم میں گرما گرمی ہے جو کہ جمہوریت کا حسن ہے۔ کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے سینیٹ کے الیکشن مارچ اور عام انتخابات اپنے وقت پر 2013 میں ہی ہوں گے، سینٹ میں بھاری اکثریت تو پیپلزپارٹی کو ملے گی ہی مگر آئندہ وفاق اور پنجاب میں بھی پیپلز پارٹی کی ہی حکومت ہو گی۔ تقریب میں ترک سفیر بابر ہزلان نے خطاب کرتے ہوئے پاک ترک دوستی کو خطے کے دیگر ممالک کے لیے ایک مثال قرار دیا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتی عملے اور پاکستان کی ممتاز سیاسی اور سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔