اسلام آباد چیئرمین نیب نے حج انتظامات میں بے قاعدگیوں کی روک تھام کیلئے کمیٹی قائم کردی۔ نیب کے ترجمان
NAB
کے مطابق قومی احتساب بیورو کے تحت کمیٹی قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 33سی کے تحت قائم کی گئی ہے۔ کمیٹی کے تحت وزارت مذہبی امور، وزارت امور خارجہ، خزانہ اور ریونیو، قانون وانصاف اور پارلیمانی امور، داخلہ،پی آئی اے اور سعودی ایئر لائن، کابینہ ڈویژن اور حج آپریٹرز کے نمائندوں کا اجلاس 31 جولائی کو نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہوگا۔ نیب کے مطابق کمیٹی کی تشکیل کا مقصد حج ریگولیٹرز کیلئے پالیسیوں، قوانین اور قواعد و ضوابط کی تیاری ہے۔ کمیٹی وزارت مذہبی امور اور دیگر فریقین کے مشورے سے حج اور زیارتوں کیلئے عمارتوں کے حصول، ٹکٹ کی بکنگ، پاسپورٹ کی تیاری اور دیگر امور سے متعلق پالیسی تشکیل دے گی۔ حتمی سفارشات چیئرمین نیب کو بھجوائی جائیں گی جو اسے عملدرآمد کیلئے متعلقہ اداروں کوارسال کریں گے۔ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ ہر برس بڑی تعداد میں حج کے حوالے سے موصول ہونے والی شکایات پر کیا گیا۔