اسلام آباد : (جیو ڈیسک) سپریم کورٹ نے کہاہے کہ حج کرپشن کیس کی تحقیقات میں واپس نہ آنے والے پولیس آفیسر حسین اصغر ، آئی جی گلگت بلتستان نہیں رہے ہیں، عدالت نے وفاقی حکومت کو حسین اصغر کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کل اس کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔ چیف جسٹس افتخارمحمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے حج کرپشن کیس کی سماعت کی، عدالت کو بتایاگیا کہ پولیس آفسیر حسین اصغر نے گلگت بلتستان سے واپس کر حج اسکینڈل کیس کی تحقیقات کو نہیں سنبھالا، چیف جسٹس نے کہاکہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ نے کہاتھا کہ حسین اصغر نہ آئے تو کارروائی ہوگی،حسین اصغر، تحقیقات جوائن نہیں کرتا تو تنخواہ بند کردیں، حسین اصغر حکومت کا ملازم ہے جو وزیراعظم سے بڑا نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہیئے،قانون کی حکمران سے ہی اتنی بڑی تبدیلی آئی ہے، عدالت نے قرار دیا کہ حسین اصغر، آئی جی گلگت بلتستان نہیں رہے، ان کے کے خلاف کارروائی کرکے کل عدالت کو بتایا جائے ۔