اسلام آباد : (جیو ڈیسک) میمو کمیشن کی ہدایت پر دفتر خارجہ کے حکام نے حسین حقانی کے بطور سفیر تین سال کے صوابدیدی فنڈز کا ریکارڈ ممبر میمو کمیشن اقبال حمید الرحمن کو پیش کر دیا۔
ذرائع کے مطابق قائم مقام سیکرٹری خارجہ اکرام اللہ محسود نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اور ممبر میمو کمیشن اقبال حمید الرحمن کو گزشتہ روز ان کے چیمبر میں ان کیمرہ بریفنگ دی۔ میمو کمیشن نے سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کو ان کیمرہ بریفنگ کے لئے طلب کر رکھا تھا تاہم ان کی پاکستان میں عدم موجودگی اور وقت کی قلت کے باعث ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے میمو کمیشن کے قائم مقام اقبال حمید الرحمن کو ان کیمرہ بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق حسین حقانی نے اپنے صوابدیدی فنڈ کے سات ملین ڈالر میں سے ساڑھے چھ ملین ڈالر خرچ کئے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ حسین حقانی صرف ایک لابنگ فرم کو ماہانہ تیس ہزار ڈالر ادا کیا کرتے تھے۔