راولپنڈی (جیوڈیسک) یوم شہادت حضرت علی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، مختلف شہروں میں تعزیئے و علم کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔ راولپنڈی میں یوم شہادت علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر موہن پورہ سے برآمد ہونے والا ماتمی جلوس امام بارہ کرنل مقبول حسین پر اختتام پذیر ہو گیا۔ جلوس میں شامل عزا داروں نے نوحہ خوانی اور زنجیر زنی کی۔ جلوس کی سکیورٹی کے لئے دوہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ شہر میں اس کے علاوہ مختلف علاقوں سے 18 چھوٹے جلوس بھی نکالے گئے۔ پشاور میں یوم شہادت حضرت علی کا مرکزی جلوس کوچی بازار میں واقع امام بارگاہ علم شاہ سے نکلا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا سحری کے وقت امام بارگاہ علم شاہ میں ہی اختتام پذیر ہوا۔
ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے تین ہزار پولیس کی نفری بھی تعینات کی تھی۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں شب بھر مجالس کا سلسلہ جاری رہا۔ لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، ملیر، انچولی، عباس ٹان، گولی مار سمیت متعدد علاقوں میں تابوت، تعزیہ اور علم کے جلوس نکالے گئے جو اپنے روٹس سے ہوتے ہوئے مقررہ مقامات پر اختتام پذیر ہوئے۔ جلوسوں کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جس کے لئے مقررہ راستوں پر موجود دکانوں کو سیل کردیا گیا تھا۔ شہر قائد میں مرکزی عزاداری نشترپارک میں ہوگی جس کے بعد شبیہہ علم و تابوت برآمد کئے جائیں گے جو حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوں گے۔
لاہور میں تعزیئے کا مرکزی جلوس برآمد ہوگا جو اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ یوم حضرت علی کرم اللہ وجہ کے موقع پر کراچی، حیدر آباد، پاکپتن اور ملتان میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔