وزیر دفاع چودھری احمد مختار نے کہا ہے کہ سفیر وزیر اعظم کی ٹیم کا حصہ ہیں، اگر حسین حقانی ملوث ہوئے تو ذمہ دار وزیر اعظم ہاس ہو گا صدر نہیں۔ منصور اعجاز سازشی آدمی ہے ، فوج میں میمو پر بے چینی ہے نہ مارشل لا کا خطرہ ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھر ی احمد مختار نے کہا کہ ایوان صدرمیمو کے معاملے میں ملوث نہیں ، اگر سفیر ملوث پائے گئے تو یہ وزیر اعظم کی سطح کی بات ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ حسین حقانی کی وضاحت کے بعد ضرورت ہوئی تو چارج شیٹ کیا جائے گا ۔ میمو سازش کس نے تیار کی ہے یہ جاننے میں کچھ وقت لگے گا ۔احمد مختار نے کہا کہ کچھ قوتیں پاکستان میں جمہوریت نہیں دیکھنا چاہتیں۔ مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف حکومت گرانا چاہتے ہیں تو شوق پورا کرلیں۔ ہمار ا ہدف حکومت بچانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلسے کرنے سے حکومتیں گرائی جاسکتی ہیں تو پیپلز پارٹی کو اس میں زیاد ہ تجربہ ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ایجنسیاں سیاست میں ملوث نہیں، نئی سیاسی پارٹیا ں بنانے یا کسی نئے سیاسی لیڈر کی مقبولیت کی مہم کی پشت پناہی محض الزام ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتحادیوں نے ہمارے خدشات اور تحفظات کے عین مطابق ہمیں راستے میں ہی تنہا چھوڑ دیا۔