حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری کے ترقیاتی فنڈز سے شاہ فیصل ٹاؤن یوسی 6 میں 1کلو میٹر طویل ماڈل روڈ کی تعمیر کا آغاز
Posted on December 17, 2012 By Geo Urdu کراچی
کراچی (محمد ارشد) حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے اپنے ترقیاتی فنڈز کے ذریعے شاہ فیصل ٹاؤن UC-6 کے علاقے گلشن طیبی میں جامعہ ملیہ روڈ تا صدیق گوٹھ تک ایک کلو میٹر سے زائد رقبے پر محیط ماڈل روڈ پر 80فیصد ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے بعد منصوبے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے اعلان کیاکہ ایک ہفتے کے اندرکارپیٹنگ اور فٹ پاتھ کی تعمیراتی کام کو مکمل کرنے کے بعد سڑک عوامی آمد ورفت اور ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا ۔ سنگ بنیادی کی تقریب کے موقع پر ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹاؤن کمال مصطفی ،ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن کے افسران ،ایم کیوایم شاہ فیصل سیکٹر اور یونٹس کے ذمہ دران ،سابق یوسی ناظمین ،کونسلرز کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔
عوام نے علاقے میں فراہمی ونکاسی آب کے نظام کی بہتری اور سڑکوں کی تعمیر سمیت علاقائی مسائل کے حل پر قائد تحریک محترم الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی صحت ،تندرستی اور درازی عمل کی دعا کرتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلا یا اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ قائد تحریک محترم الطاف حسین بھائی ہمیں ہمیشہ بلا تفریق انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے قائد تحریک کے فلسفے پر عمل کرتے ہوئے حق پرست عوامی نمائندے اپنے ترقیاتی فنڈز کو بروئے کار لاتے ہوئے تمام علاقوں میں یکساں بنیاد پر علاقائی ترقی کو یقینی بنا کر عوام کو بنیادی سہولیات اُن کی دہلیز تک پہنچا نے کی جدو جہد میں مصروف ہیں ۔
سنگ بنیاد کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیا ء قادری نے سڑک کی تعمیراتی کاموں میں عوامی تعاون پر اہل علاقے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے تعاون کے ذریعے سڑک اور فٹ پر قائم تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنا کر کشادہ اور ماڈل شاہراہ کی تعمیر کو یقینی بنا یا جاسکا اور انشا اللہ عوامی تعاون کے زریعے شاہ فیصل ٹاؤن کے ہر علاقے میں حق پرست عوامی نمائندوں کے فنڈز سے پھیلے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے ذریعے عوام کو مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا ئیں گے۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے گلشن طیبی میں اپنے فنڈز سے زیر تعمیر ماڈل روڈ کے ساتھ ایک خوبصورت فیملی پارک کا تحفہ دینے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کے افتتاح کے ساتھ فیملی پارک کا بھی افتتاح کردیا جائے گا جس سے علاقہ مکین اپنی صحت مندانہ سرگرمیوں سے مستفید ہوسکیں گے ۔