پاکستان کے ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے صحت جیسے اہم شعبے میں غریب اور نادار مریض اپنا علاج کرانے کی استطاعت نہیں رکھتے جس کے باعث مخیر حضرات کے تعاون سے چلنے والے اداروں کا رخ کر رہے ہیں،پاکستان کڈنی سنٹر کے قیام سے گردے کی مرض میں مبتلا مریض اپنا بہتر طور پر علاج کروا سکیں گے۔
ایبٹ آباد میں پاکستان کڈنی سنٹر کی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نجی ادارے سرکاری اداروں سے بہتر علاج کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور پاکستان کڈنی سنٹر بھی ہزارہ ڈویثرن اور بالخصوص ایبٹ آباد کی عوام کے لیے تخفہ ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ کم تنخواہ لینے والامتوسط طبقہ جو گردے کے عارضہ میں مبتلا ہے وہ اپنا علاج کرانے کی استطاعت نہیں رکھتا۔ قبل ازیں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستاں کڈنی سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا ،یہ منصوبہ مارچ دو ہزار تیرہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔