نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت انتخابات کی تاریخ دے کرسسپنس ختم کرے، آرمی چیف کے بیان کا خیر مقدم فرض ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ90 میں ان کی حکومت نے یونس حبیب کونکالا، اگر وہ محسن ہوتے تو انہیں نوکری سے فارغ کیوں کرتے۔ایک انٹرویو میں میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ جب وہ وزیر اعلی پنجاب تھے تو ان کی حکومت گرانے کے لئے بوریوں میں پیسے لائے گئے۔
2009 میں بھی پنجاب کے ایم پی ایز کو خریدنے کے لئے 27 کروڑ روپے استعمال کئے گئے اور مشرف کی طرف سے سیاسی جماعتوں کو اربوں روپے دیئے گئے۔ جلا وطن رکھ کر بھی مسلم لیگ(ن)کو توڑا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجود حکومت کو بڑی خندہ پیشانی کے ساتھ برداشت کیا لیکن ان کی کئی پالیسیوں سے اختلاف ہے، حکومت انتخابات کی تاریخ دے اورسسپنس ختم کرے۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے بیان کو خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان ، خیبرپختونخوا اورکراچی کے حالات بہت خراب ہیں۔