کراچی (جیوڈیسک) حکومت نے ایک ہفتے میں 89 ارب 18 کروڑ روپے کے نوٹ چھاپ دیے، ملکی تاریخی میں پہلی مرتبہ زیر گردش نوٹ 37 کھرب 61 ارب روپے کی سطح سے بڑھ گئے۔
ذرائع کے مطابق اپریل کے پہلے ہفتے کے دوران حکومت کی طرف سے اوسطاً روزانہ 12 ارب 74 کروڑ روپے کے نئے نوٹ جاری کیے گئے۔
ریکارڈ مالیت میں نئے نوٹوں کے اجرا سے اس دوران مارکیٹ میں زیر گردش نوٹوں کی مالیت میں 89 ارب 11 کروڑ 50 لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ملک میں زیر گردش نوٹوں کا مجموعی حجم ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 37 کھرب 61 ارب 65 کروڑ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جبکہ جاری شدہ نوٹوں کی مجموعی مالیت 37 کھرب 61 ارب 81 کروڑ روپے سے بھی زیادہ ہو گئی۔
ماہرین کے مطابق حکومت آمدنی کم ہونے کے باوجود اخراجات کو کنٹرول کرنے کے بجائے نئے نوٹ چھاپنا شروع کر دیتی ہے جس کا نتیجہ عوام کو مہنگائی کی شکل میں بھگتنا پڑتا ہے،موجودہ حکومت کے دور میں اب تک 17 کھرب 8 ارب روپے کے نوٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔