حکومت نے ہڑتالی ڈاکٹروں کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ منسوخ کر دی

Lahore

Lahore

لاہور(جیوڈیسک) حکومت پنجاب نے 45 ہڑتالی ڈاکٹروں کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ منسوخ کر دی۔ محکمہ صحت پنجاب نے گوجرانوالہ میں ایم ایس پر تشدد کرنے والے اور دیگر 45 ہڑتالی ینگ ڈاکٹرز کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ منسوخ کر دی۔

اس حوالے سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور دیگر اداروں کو لیٹرز بھی جاری کر دیے گئے ہیں ۔ ٹریننگ کی منسوخی کے بعد ڈاکٹرز ماہانہ 40 ہزار فی کس سے زائد اعزازیہ سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

محکمہ صحت نے پوسٹ گریجویٹ کروانے والے اداروں کو ہڑتالی ڈاکٹرز کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی بھی استدعا کی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق لازمی سروس ایکٹ کے تحت ہڑتال غیر قانونی ہوگی اور ہڑتال کرنے والے ڈاکٹروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔