حکومت کا نادرا ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان

rehman malik

rehman malik

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) وزیر داخلہ رحمان ملک نے نادرا ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کر دیا، کہتے ہیں کہ کسی کرپٹ آدمی کا نادرا میں کوئی کام نہیں، کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ دیں گے۔ اسلام آباد میں نادرا ملازمین کو مستقل کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ نادرا میں کرپشن کرنے والے کچھ لوگوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں غیر قانونی کاموں میں ملوث افراد کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہ کام چھوڑ دیں ورنہ سختی سے نمٹا جائے گا۔

رحمان ملک نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی کامیابی کا کریڈٹ نادرا کو جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں بھی کچھ شناختی کارڈ کا اجرا کرپشن سے ہوا جس کی ایف آئی اے کی ٹیم تحقیقات کر رہی ہے۔ تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان سے جو شناختی کارڈ پکڑے گئے ہیں وہ علاقے کے یو سی ناظم نے تصدیق کئے، شناختی کارڈ ایرانی لوگوں کو دیئے گئے جو ناقابل برداشت ہیں۔ سانحہ کوہستان کے متعلق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس میں وہی لوگ ملوث ہیں جو پاکستان کے دیگر مختلف شہروں میں کارروائیاں کر رہے ہیں، جائے وقوعہ کی قریبی وادیوں کے لوگوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

بلوچستان سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات چاہتی ہے، بلوچستان میں ایک دو لوگ ایسے ہیں جن کا ایجنڈا کچھ اور ہے ان سے بھی کہہ رہے ہیں کہ مذاکرات کی میز پر آئی۔