پشاور : (جیو ڈیسک) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کو نیٹو سپلائی بحال کرنے کا اختیار حاصل نہیں، قبائلی عوام کو اپنے مستقبل کو خود فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے۔
نشتر ہال پشاور قبائلی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کے واقعے، سانحہ ایبٹ آباد اور سلالہ واقعے کے بعد آل پارٹیز کانفرنس میں فیصلہ ہوا تھا کہ امریکہ کے ساتھ تمام زبانی معاہدے ختم کرکے تحریری معاہدے کئے جائیں گے، تحریری معاہدے سے قبل نیٹو سپلائی بحال کرنے کا حکومت کو اختیار حاصل نہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام پر خود ساختہ اصلاحات ٹھونسنے کی بجائے انہیں اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا اختیار ملنا چاہئے، اصلاحات کے نام پر قبائل کو بلیک میل کرنا درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جرگہ جو بھی فیصلہ کرے، جے یو آئی اس کی بھرپور حمایت کرے گی۔
جرگہ سے قبائلی عمائدین منیر اورکزئی ایم این اے، سینیٹر مولانا صالح شاہ، مولانا قاسم ایم این اے، مولانا عبدالمالک ایم این اے، سابق سینیٹر عبدالرشید اور دیگر عمائدین نے خطاب کیا۔