حیدر آباد: (جیو ڈیسک) مغوی سرجن ڈاکٹر آفتاب قریشی کی بازیابی کیلئے پولیس کی جانب سے کئے جانیوالے آپریشن کے دوران مغوی، پولیس افسر اور اغواء کار ہلاک ہو گیا۔
سوگ میں لیا قت میڈیکل یو نیورسٹی، سول سپتال بند کر دیے گئے۔ کراچی کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں نے او پی ڈیز میں کام کرنا بند کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق معروف نیورو سرجن ڈاکٹر آفتاب قریشی کو پندرہ روز قبل سپرہائی وے سے اغواء کیا گیا تھا۔اغوا کار مغوی ڈاکٹر کی رہائی کے لئے دوکروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کر رہے تھے۔ سی پی ایل سی پولیس کراچی نے خفیہ اطلاع پر قاسم آباد کے علاقے میں اس مکان میں داخل ہونے کی کوشش کی جہاں ڈاکٹر آفتاب کو رکھا گیا تھا۔ پولیس کو چاروں طرف دیکھ کر اغواء کار نے ڈاکٹر آفتاب قریشی کو گولی مار کر قتل کر دیا اور پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے کراچی پولیس کے اے ایس آئی راشد خان شہید ہو گئے۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے اغواء کار اختر بھی مارا گیا۔ پولیس نے مکان سے خاتون سمیت دوافراد کو حراست میں لیکر سی آئی اے سینٹر منتقل کر دیا ہے۔ ڈاکٹر آفتاب قریشی کی ہلاکت کی خبر کے بعد لیا قت میڈیکل یو نیورسٹی جامشور و میں ہونیوالے تمام امتحانات ملتوی کر دیے گئے۔ سول ہسپتال حیدر آباد اور کراچی کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں نے او پی ڈیز میں کام بند کر دیا ہے۔