حیدرآباد: اسپیکر سندھ اسمبلی نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ کراچی کے حالات پر مایوس نہیں ہونا چاہئے جبکہ کراچی میں فوج کو بلانے کا مطالبہ درست نہیں ہے۔ حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کیلئے الگ بلدیاتی نظام کا فیصلہ پیپلز پارٹی کی غلطی تھی اس فیصلے کو عوامی ردعمل کو فوقیت دیتے ہوئے 24 گھنٹے میں تبدیل کیا گیا، اب حالیہ صورتحال میں 1979 اور 2001 کے بلدیاتی نظام کے نقائص دور کرکے ایسی ترامیم کی جائیں گی جوکہ مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ڈرگ مافیا، لینڈ مافیا اور مذہبی شدت پسندی کا رجحان رکھنے والے موجود ہیں جبکہ کراچی میں 1971 سے2011 تک جمع ہونے والے ہتھیار استعمال ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام وزرا اور عہدیدار پارٹی پالیسی پر عملدرآمد کے پابند ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ ہمارے ملک کی زرعی معیشت میں بہت اہم حصہ رکھتا ہے، سندھ میں ہونے والی حالیہ ریکارڈ بارشوں نے میرپورخاص، ٹنڈومحمدخان، عمرکوٹ، مٹھی، بدین سمیت دیگر اضلاع میں اہم زرعی پیداوار کو نقصان پہنچایا اور بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔