خشک ڈالی سے گھنے پیڑ پہ ہجرت کرنا

migration

migration

خشک ڈالی سے گھنے پیڑ پہ ہجرت کرنا
یاد آتا ہے پرندوں کا مسافت کرنا

سبز موسم کے لیے دھوپ میں تپنا صدیوں
اور خالق کا وہاں سائیہ رحمت کرنا

اپنی دھرتی سے سدا ایسے تعلق رکھنا
جیسے بچے کے لئے ماں سے محبت کرنا

ایک رہنے کے لیے اپنا بنانا سب کو
اور اپنوں سے سوا غیروں سے الفت کرنا

اپنی آنکھوں میں سدا پیار سجائے رکھنا
دیدئہ شوق سے ایسی ہی جسارت کرنا

دیس کے واسطے اے جاں سے گزرنے والو
ایسا جذبہ کبھی ہم کو بھی عنایت کرنا

اب تو ہر بات حسن ایک ہی جیسی ہے یہاں
ان سے ملنے کی نہ ملنے کی شکایت کرنا

حسن رضوی