اسلام آباد(جیوڈیسک)پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سوئس عدالتوں کو خط نہیں لکھیں گے تو فیصلہ وہی آئے گا جو یوسف رضا گیلانی کے خلاف آیا تھا۔ مارچ 2013 تک وزرا اعظم آتے رہیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو 22 دن کی مہلت ملنے پر وہ خوش ہیں۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ عدالت کی طرف سے ایسی کشادہ دلی میری دفعہ نہیں دکھائی گئی تاہم عدالت کو اس بات کا احساس ہونا اچھی بات ہے کہ یوسف رضا گیلانی کا فیصلہ عجلت میں کیا گیا۔ اعتراز احسن نے کہا کہ میری رائے میں عدالت نے کوئی درمیانی راستہ نہیں چھوڑا کیونکہ پانچ جج درمیانی راستہ نہیں نکال سکتے۔
موجودہ وزیراعظم نا اہل ہوا تو نیا آجائے گا اور مارچ 2013 تک وزرا اعظم آتے رہیں گے۔ انہوں ںے کہا کہ تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کسی عدالت نے اپنے سربراہ مملکت کو کسی دوسری ریاست کی عدالت کے سامنے کھڑا کیا ہو۔ اعتراز احسن کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کو استشنی بطور فرد نہیں بلکہ بطور سربراہ ریاست حاصل ہے اور انہیں تحفظ دینا عدالت کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹو آرڈر سے جج نہیں نکالے جا سکتے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے وکیل تھے تاہم موجودہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔