پیرس (جیوڈیسک) لندن اور میلان میں رنگینیاں بکھیرنے کے بعد اب خوشبوں کے شہر پیرس میں رنگ و نور کا سیلاب جاری ہے۔ حسین چہروں اور خوبصورت و دلفریب ملبوسات کی بہار نے شام کو رنگین بنادیا۔منعکس شیشوں کی سیڑھیوں سے مونوکروم کے رنگدار پلیٹس والے ریمپ پر جلوہ گر ماڈلز کی کیٹ واک ۔۔ نے دلفریب منظر پیش کیا اور گرما اور بہار کے پہناوے فیشن شو کے شرکا پر غضب ڈھا رہے تھے، سیاہ و سفید رنگوں کے حسین امتزاج والے سحر انگیز ملبوسات کی نمائش سے حاضرین مبہوت ہو کر رہ گئے۔
پیرس فیشن ویک میں جہاں ایک طرف ہالینڈ کے ڈریس ڈیزائنرز وکٹر ہارسٹنگ اور رالف اسنورن نے ڈریس ڈیزائننگ میں اپنی شاندار مہارت کا مظاہرہ کیا تو دوسری جانب غضب ڈھایا نازک اندام و حسین ماڈلز نے اپنے خوبصورت کیٹ واک کے ذریعے، شیشے کے کام سے مزین نفیس ایمبرائیڈری والے سیاہ و سفید ، اور میٹالک پہناوے نے حاضرین کے آتش شوق کو بھڑکا دیا۔
اس پر پس منظر میں امریکی گلوکار کیٹ پوورس کے نئے البم کے گیتوں کی ہلکی دھنیں ماحول کو مزید رومان انگیز بنا رہی تھی۔ تو دوسری جانب برطانوی ڈیزائنر نے بہار کے ملبوسات کی نمائش کی مگر انوکھے گیٹ اپ میں جسے دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔